مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اس ہفتہ نماز جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی کی امامت میں منعقد ہوئی ، جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی ، تہران کےعارضی خطیب جمعہ نے دنیا بھر میں امریکی فتنوں اور امریکہ کی طرف سے پیدا کردہ بحرانوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی غنڈہ گردی سے گھبرانا نہیں چاہیے۔
آیت اللہ امام کاشانی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: " ہم امریکی انتخابات کے معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے"، اور ہمارے لئے ان میں کوئی فرق نہیں ہے ہمارے لئے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ امریکہ نے آج تک ایران اور عالم اسلام کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے ؟ امریکی حکومت نے امریکی قوم کے ساتھ بھی برا سلوک کیا ہے جس کی وجہ سے امریکی قوم اقتصادی اور اخلاقی مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ داعش دہشت گردوں کی تشکیل اور انھیں جنگی وسائل فراہم کرنے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے اہم کردار ادا کیا اور امریکہ کو اس سلسلے میں کئی عرب ممالک کی حمایت بھی حاصل تھی ۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ آج یمن، عراق، شام، لیبیا، افغانستان اور دیگر ممالک میں دہشت گردی پھیلی ہوئی ہے دہشت گردی کو امریکہ اور اس کے اتحادی سامراجی ممالک نے جنم دیا ہے دہشت گرد سامراجی طاقتوں کی اولاد ہیں۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے زیارت اربعین کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ زیارت اربعین دینی شعائر میں سے ایک ہے جس طرح نماز میں بسم اللہ کا ذکر دینی شعائر میں شمار ہوتا ہے اسی طرح اربعین کے دن حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت بھی دینی شعائر میں شامل ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے زائرین کی حفاظت کے سلسلے میں عراقی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عراقی حکومت نے زائرین کی حفاظت کے سلسلے میں اہم اقدامات انجام دیئے ہیں جس پر ہم عراقی حکومت، عوام اور عراقی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ